مس اسرائیل نوا کوچوا کو امریکا کے شہر نیویارک میں فلسطینی حامیوں کے درمیان جانا مہنگا پڑگیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 25 سالہ اسرائیلی ماڈل کو لوگوں نے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں جنگی مجرم قرار دیا اور ان سے اسرائیلی جارحیت پر سوال پوچھے۔
اسرائیلی ماڈل نوا کوچوا پیر کو ہاتھ میں پوسٹر لیے واشنگٹن اسکوائر پارک پہنچیں جس پر لکھا تھا کہ میں اسرائیلی فوجی ہوں، مجھ سے کچھ بھی پوچھیں۔
اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا، ایک شخص کا کہنا تھا کہ ’تم ایک جنگی مجرم ہو‘جبکہ ایک اور شخص نے ان سے سوال کیا کہ ’آپ رات کو کیسے سوتی ہیں؟‘
اسرائیلی ماڈل نوا کوچوا نے جواب دیا کہ میں اچھی طرح سوتی ہوں کیونکہ میں جانتی ہوں کہ میں صحیح طرف ہوں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل مارچ میں بھی اسرائیلی ماڈل کو امریکا میں فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق نوا کوچوا کو 2021ء میں مِس اسرائیل منتخب کیا گیا تھا اور وہ اسرائیلی فوج میں بھی کام کرچکی ہیں۔