دو سال قبل موٹر سائیکل پر پاکستان میں داخل ہونے اور پاکستان کے دور دراز علاقوں کا اسی موٹر سائیکل پر سفر کرنے والی کینیڈین ولاگر روزی گیبریل نے اسلام قبول کرلیا۔
روزی گیبریل دسمبر 2018 میں آئی تھیں تو وہ خوف زدہ تھیں کیوں کہ انہیں پاکستان کے حوالے سے بہت غلط باتیں بتائی گئی تھیں۔
روزی گیبریل نے پاکستان میں داخل ہوتے ہی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں پاکستان کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات سے متعلق لوگوں کو بتایا تھا اور کہا تھا کہ انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ پاکستان نہ جائیں۔
روزی گیبریل کا کہنا تھا کہ وہ تمام خدشات اور لوگوں کے روکنے کے باوجود پاکستان آئی ہیں اور وہ یہاں کے 40 مقامات کی سیر کرکے دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی دکھائیں گی۔
کینیڈین ولاگر اور سیاح خاتون نے بعد ازاں لاہور، قصور، ملتان اور گوادر سمیت شمالی علاقہ جات کا بھی سفر کیا تھا اور انہوں نے وہاں جاکر ویڈیوز بھی بنائی تھیں۔
روزی گیبریل تقریباً 14 ماہ پاکستان میں رہیں اور اب انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اسلام قبول کرنے کا اعلان کرکے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
روزی گیبریل نے اپنی لمبی چوڑی انسٹاگرام پوسٹ کے آغاز میں ہی لوگوں کو خوشخبری دی اور بتایا کہ وہ دائرہ اسلام میں داخل ہو چکی ہیں۔
روزی گیبریل نے اپنی پوسٹ میں اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے تو اپنے پرانے مذہب سے 4 سال قبل ہی راہ فرار حاصل کرلی تھی تاہم اب وہ امن، محبت، انسانیت اور زندگی گزارنے کے سب سے بہترین راستے بتانے والے مذہب کے دائرے میں داخل ہوچکی ہیں۔
کینیڈین ولاگر نے اپنی پوسٹ میں زندگی میں آنے والے مسائل اور مشکلات کا ذکر بھی کیا اور خود کو تکنیکی طور پر پیدائشی مسلمان بھی قرار دیا اور کہا کہ چوں کہ وہ اسلام قبول کرنے سے قبل ہی خدا پر یقین رکھتی تھیں۔
روزی گیبریل کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کی ایک دہائی مسلمان ممالک میں گزاری اور اس دوران انہوں نے ہر جگہ پیار، امن اور مسکراہٹیں دیکھیں اور یہی سلسلہ پاکستان میں بھی رہا جس وجہ سے وہ اسلام سے بے حد متاثر ہوئیں اور انہوں نے اس کی راہ پر چلنے کا عہد کیا۔
کینیڈین سیاح خاتون نے اپنی پوسٹ میں عالمی سطح پر اسلام کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے پر بھی بات کی اور لکھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کی غلط طریقے سے تشریح کی جاتی ہے۔
روزی گیبریل نے لکھا کہ درحقیقت اسلام امن، محبت اور انسانیت کا مذہب ہے بلکہ اس سے بڑھ کر یہ مذہب زندگی کو درست انداز میں آگے بڑھانے اور سکون کا مذہب ہے۔
ولاگر کی جانب سے اسلام قبول کیے جانے کی پوسٹ کیے جانے کے بعد کینیڈا اور پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں موجود ان کے مداحوں نے ان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔