چند دن قبل موٹر سائیکل پر پاکستان گھومنے والی کینیڈین نژاد سیاح کے مسلمان ہونے کی خبر خوب وائرل ہوئی تھی اور اس سے قبل روزی گیبریل کی جانب سے موٹر سائیکل پر پاکستان کی سیر کرنے کی خبریں وائرل ہوئی تھیں۔
روز گیبریل سے قبل بھی کئی دیگر غیر ملکی سیاحوں کی موٹر سائیکل یا پیدل سیاحت کی خبروں نے بھی پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جگہ بنائی۔
اور اب پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ایک والد کی بیٹی کے ساتھ صوبے کے قریہ قریہ نگر نگر گھومنے کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں اور لوگ دیہاتی زندگی کو دیکھ کر محظوظ ہو رہے ہیں۔
پنجاب کے طاہر مہدی کی اپنی جواں سالہ بیٹی مومل طاہر کے ساتھ پنجاب کے دیہات میں جاکر دیہاتی زندگی سے متعلق ناظرین کو معلومات دینے کی ویڈیوز کافی مقبول ہو رہی ہیں۔
طاہر مہدی نے بیٹی کے ساتھ قریہ قریہ نگر نگر جاکر ولاگ بنانے اور شہروں میں بیٹھے لوگوں کو دیہاتی زندگی دکھانے کا مںصوبہ ملٹی میڈیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’سجاگ‘ کے ساتھ شروع کیا۔
طاہر مہدی اور ان کی بیٹی کی جانب سے دیہاتی زندگی کو دکھانے اور اس متعلق لوگوں تک معلومات پہنچانے کی سلسلہ وار ویڈیوز کا آغاز سال نو کے موقع پر ہوا تھا اور انہوں نے پہلی ویڈیو 3 جنوری 2020 کو ریلیز کی تھی۔
دونوں باپ اور بیٹی اب تک قریہ قریہ نگر نگر سفر کی 4 قسطیں جاری کر چکے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان کی مزید قسطیں جاری کی جائیں گی۔
’موٹر سائیکل ڈائریز‘ کے نام سے پنجاب کی دیہی زندگی پر بنائی گئی مذکورہ ویڈیوز 12 سے 13 منٹ کے دورانیے پر مشتمل ہیں اور ان ویڈیوز میں دیہات کی زندگی کو اصل شکل میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح پنجاب کے دیہات میں کھلونے اور چیزیں بیچنے والے افراد خواتین کے سر کے بالوں کے عوض بچوں کو چیزیں اور کھلونے دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
اسی طرح ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح پنجاب کے دیہی علاقوں کے دوسرے ممالک میں کمائی کے حوالے سے جانے والے افراد ولایتی بھینسیں پنجاب بھیج رہے ہیں۔
ویڈیوز میں دیہی زندگی اور زراعت پر پڑنے والے اثرات کو بھی دکھایا گیا ہے اور دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کس طرح زراعت میں کمی کی وجہ سے دیہاتی افراد کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
ویڈیوز میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح گاؤں میں رہنے والے افراد کی زندگی میں جانوروں اور پرندوں کی اہمیت ہوتی ہے اور کس طرح انسانوں کے ساتھ دیگر جاندار بھی ایک ساتھ زندگی گزارتے نظر آتے ہیں۔