موٹرولا کا پہلا 108 میگا پکسل کیمرے سے لیس فلیگ شپ فون


موٹرولا کا نیا فلیگ شپ فون اس کمپنی کا پہلا 108 میگا پکسل کیمرے سے لیس فون بھی ہوگا۔

موٹرولا کی جانب سے آخری بار 2018 میں فلیگ شپ فون متعارف کرایا تھا اور اب 2 سال بعد موٹرولا ایج پلس کے نام سے ایک نئی فلیگ شپ ڈیوائس متعارف کرائی جارہی ہے۔

فون کی تصاویر بھی لیک ہوئی ہیں جس میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ دکھایا گیا ہے جس میں 108 میگا پکسل، 16 میگا پکسل اور 8 میگا پکسل کیمرا شامل ہوگا۔

فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ
فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ

ایسا خیال کیا جارہا ہے کہ ایج پلس میں 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس (3 ایکس زوم) اور 16 میگا پکسل کیمرا الٹرا وائیڈ ہوسکتا ہے۔

فون کا 108 میگا پکسل مین کیمرا سام سنگ کا تیار کردہ ہوگا مگر یہ واضح نہیں کہ یہ لینس کونسا ہوگا، اس کمپنی کا ایک لینس شیاﺅمی فونز میں استعمال ہوا ہے جبکہ ایک لینس ایسا ہے جو گلیکسی ایس 20 الٹرا کے لیے مخصوص قرار دیا گیا ہے۔

موٹرولا کا یہ فون لگ بھگ بیزل لیس ہے جس میں سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا جائے گا اور وہ 25 میگا پکسل لینس سے لیس ہوگا۔

فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ
فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ

اس فون میں اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر، 6.67 انچ کا ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ اور 5 جی سپورٹ بھی دی جائے گی۔

ایسی رپورٹس بھی ہیں کہ اس میں اسٹاک لائیک اینڈرائیڈ سسٹم، 5170 ایم اے ایچ بیٹری اور ہیڈفون جیک موجود ہوگا۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ موٹرولا کا یہ فون کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے مگر رپورٹس کے مطابق یہ فروری میں موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش ہونا تھا، یہ ایونٹ کورونا وائرس کے خدشات کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں