موٹرولا کا بجٹ فلیگ شپ فون ایج ایس


موٹرولا کا نیا فلیگ شپ فون ایج ایس متعارف کرادیا گیا ہے، جس کی قیمت حیران کن طور پر چینی کمپنیوں کی ڈیوائسز سے بھی کم ہے۔

یہ فون سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے، جو پہلا ایسا فون ہے جس میں کوالکوم کا نیا اسنیپ ڈراگون 870 پراسیسر دیا جارہا ہے۔

یہ 7 این ایم ، 8 کور پراسیسر ہے جس میں ایک کورٹیکس اے 78 کور اسمارٹ فون کو 3.2 گیگاہرٹز پر کام کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

موٹرولا ایج ایس میں 5 جی سپورٹ موجود ہے جبکہ 6.7 انچ کا آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ اور ایچ ڈی آر 10 سپورٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ موٹرولا
فوٹو بشکریہ موٹرولا

صارفین کے لیے 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دیئے گئے ہیں۔

ایج ایس میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 20 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

یہ فون آئی پی 52 سپلیش پروف ہے، 3.5 ایم ایم ہیڈفون جیک دیا گیا ہے جبکہ فون کے باکس میں چارجر، اسکرین پروٹیکٹر، کیبل اور کیس ساتھ دیا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم والے اس فون میں ڈوئل سم سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔

فون میں مجموعی طور پر 6 کیمرے دیئے گئے ہیں، بیک پر 4 اور فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ موٹرولا
فوٹو بشکریہ موٹرولا

فون کے بیک پر مین کیمرا 64 میگا پکسل کیمرا ایف 1.7 آپرچر کے ساتھ دیا گیا ہے جو 6K ویڈیو 3 فریم فی سیکنڈ میں ریکارڈ کرسکتا ہے۔

اس سے ہٹ کر 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے میں فیز ڈیٹیکٹ آٹوفوکس موجود ہے جبکہ 2 میگا پکسل فکسڈ فوکس ڈیپتھ سنسر اور ایک ٹی او ایف سنسر دیا گیا ہے۔

فون کے فرنٹ پر پنچ ہول ڈیزائن میں 16 میگا پکسل مین اور 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا موجود ہے۔

یہ فون 26 جنوری سے چین میں پری آرڈر میں دستیاب ہے جو صارفین کو 3 فروری کو دستیاب ہوگا۔

ایج ایس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1999 چینی یوآن (49 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 2399 یوآن (59 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 2799 یوآن (69 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں