مولانا کی طرح دھرنا دیکر اسلام آباد سے واپس نہیں آئیں گے: امیر جماعت اسلامی


امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہم مولانا کی طرح دھرنا نہیں دیں گے بلکہ ہم جب دھرنا دیں گے تو  اسلام آباد سے واپس نہیں آئیں گے۔

باجوڑ  میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے  امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اب اسلام آباد کی طرف چلنے کا وقت آگیا ہے، ہم مولانا کی طرح دھرنا نہیں دیں گے اور نہ ہی واپس آئیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی سونامی گزر گئی، اب آپ عوامی سونامی دیکھیں گے اور  آپ کو اسلام آباد میں بھی پناہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم اپنا کام کرے ہم اپنا کام کریں گے، قیمتوں میں کمی نہیں کرو گے تو ہم آگے بڑھ کر گریبان میں ہاتھ ڈالیں گے، کرکٹ کھیلنا کچھ اور کام ہے اور حکومت کرنا کچھ اور کام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکی نظام کے لیے نہیں اسلامی نظام کے لیے بنا تھا، پاکستان میں اسلامی نظام کا علمبردار حکمران رہے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سونامی کی وجہ سے آٹا چینی منہگی ہو گئی ہے، روپے کی قدر کم ہو گئی جب کہ چینی کی قیمت بھی 110 روپے ہو گئی ہے جب کہ پیٹرول 104 روپے لیٹر ہو گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کی سونامی کی وجہ سے ہماری قوم بھوکی سوتی ہے، اس تبدیلی کی سونامی سے لوگ شیطان کی طرح پناہ مانگتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں