گزشتہ روز کراچی میں شہید کیے جانے والے معروف عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
مولانا عادل شہید کی نماز جنازہ جامعہ فاروقیہ حب ریور روڈ فیز ٹو میں ادا کی گئی جس میں علمائے کرام کے علاوہ طلبہ اور عقیدت مندوں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
مہتمم جامعہ فاروقیہ مولانا عادل شہید کی نماز جنازہ میں جید عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی، مفتی محمد رفیع عثمانی، مولانا حنیف جالندھری، سینیٹر عبدالغفور حیدری، مولانا راشد سومرو، مہتمم جامعہ بنوریہ مفتی نعمان اور حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے بھی شرکت کی۔
مولانا عادل شہید کی تدفین جامعہ فاروقیہ میں ان کے والد مولانا سلیم اللہ خان کے پہلو میں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ معروف عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل کو گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی نمبر دو میں فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے ڈاکٹر عادل کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔