’مولانا سے متعلق حقائق سامنے آئے تو عوام اور میڈیا اپنے کانوں کو ہاتھ لگائیں گے‘


تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر برائےکالونیز فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق حقائق سامنے آئے تو عوام اور میڈیا اپنے کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس مولانا فضل الرحمان سے متعلق بہت حقائق موجود ہیں، مولانا فضل الرحمان سے متعلق حقائق سامنے آئے تو عوام اور میڈیا اپنے کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مذاکرات 100 فیصد کامیاب ہوں گے کیونکہ مولانا فضل الرحمان استعفے سے وظیفے پر آ چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان کسی بھی شکل میں وظیفہ چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے تمام مطالبات سے پیچھے ہٹ رہے ہیں، مولانا استعفے اور حکومت توڑ کر نئے انتخابات کے مطالبات سے مولانا پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دھاندلی کا گلہ شکوہ کرتے ہیں اور اچکزئی صاحب ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، بلوچستان کے انتخابات میں اچکزئی صاحب مولانا فضل الرحمان کے امیدواروں سے ہارے تھے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 2014 میں ہمارے خلاف دھرنے سے پہلے پکڑ دھکڑ کی گئی تھی جب کہ عمران خان نے مظاہرین کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا، وزیراعظم کی ہدایات پر مظاہرین کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں