بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی نقل کرکے شہرت حاصل کرنے والے کامیڈین شیام رنگیلا کے سیاست میں انٹری کے خواب ادھورے رہ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں نریندر مودی کی حریف جماعت کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے کامیڈین شیام رنگیلا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے ہیں۔
وارنسی کے حلقے سے رواں سال ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کامیڈین نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔
واضح رہے کہ وارنسی کے اسی حلقے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم کامیڈین کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن نے مسترد کردیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کامیڈین شیام رنگیلا نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وارنسی کے اسی حلقے سے 55 امیدواروں نے کاغذت نامزدگی جمع کروائے تھے جن میں 36 امیدواروں کے کاغذات مسترد کر دئے گئے ہیں جن میں میرا نام بھی شامل ہے جبکہ نریندر مودی اور اجے رائے سمیت 15 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ شیام رنگیلا نے 2022 میں راجھستان سے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی، تاہم وہ حالیہ انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے تھے۔