مودی پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی میں رکاوٹ ہیں، شاہد آفریدی


لاہور: 

 شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ نریندر مودی پاکستان سے کرکٹ روابط کی بحالی میں رکاوٹ ہیں۔

آفریدی نے ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ مزید شہروں میں بھی میچز کرانے کی تجویز دی، آل راؤنڈر کے مطابق جب تک نریندر مودی بھارت کے وزیراعظم ہیں روایتی حریف ٹیموں کی سیریز ممکن نہیں۔  پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں مکمل واپس لانے کا کریڈٹ پی سی بی کو جاتا ہے۔

آفریدی نے کہا اس سے لیگ مزید مضبوط اورساکھ بڑھے گی، چار شہروں میں میچزکھلاڑیوں کیلیے بھی بہت زبردست بات ہے، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد کے ساتھ دائرہ کاربھی مزید شہروں تک بڑھانا چاہیے۔

اپنی فٹنس اور پرفارمنس کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ میں ملتان سلطانزکا حصہ بن کرخوش ہوں، لوگ اس ٹیم کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے لیکن ہمارے پاس موجود باصلاحیت پلیئرزکسی بھی ٹیم کوہرا سکتے ہیں۔

میری فٹنس اورفارم بھی خاصی بہتری ہے، اس کا اندازہ لاہورقلندرزکیخلاف پہلے میچ سے سب کوہوگیا، کوشش ہوگی کہ اگلے میچز میں بھی شائقین کی توقعات پر پورا اتروں۔

ایک سوال پر آل راؤنڈر نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان سے کرکٹ روابط کی بحالی میں رکاوٹ ہیں، جب تک وہ برسراقتدار ہیں دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ سیریزنہیں ہوپائے گی، ہمیں مودی کی ذہنیت سمجھنی چاہیے جو پاکستان کے حوالے سے  بہت منفی ہے، ایک انسان کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات خراب ہورہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں