مودی جلد یوکرین کا دورہ کریں گے

مودی جلد یوکرین کا دورہ کریں گے


بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی جلد یوکرین کا دورہ کریں گے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورۂ یوکرین کی تفصیلات کل جاری کی جائیں گی۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی کا دورۂ یوکرین رواں ماہ متوقع ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین میں جاری جنگ کے بعد سے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا یوکرین کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2 ماہ قبل اٹلی میں جی 7 سربراہی اجلاس کے موقع پر نریندر مودی اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ملاقات ہوئی تھی۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے نریندر مودی کو تیسری مرتبہ وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد بھی دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی 2 روز کے دورے پر روس بھی گئے تھے جہاں انہوں نے روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کی تھی۔

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے پیغام میں مودی کی پیوٹن سے ملاقات کو بہت مایوس کن اور امن کی کوششوں کے لیے ایک تباہ کن دھچکا قرار دیا تھا۔

ولادیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ ماسکو میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نے دنیا کے سب سے بڑے مجرم کو گلے لگایا۔

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورۂ روس پر امریکا کی جانب سے بھی سخت ردِعمل سامنے آیا تھا۔

جس کے بعد اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی جلد یوکرین کا دورہ کرنے والے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں