لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے موجودہ حکمرانوں کو چین میں پھیلنے والے موذی کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک قرار دے دیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملکی معاشی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیراعظم کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مجھے حوریں نظر آتی ہیں لیکن تبدیلی کا جنون قبر میں سکون پر آ کر ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری حکومت کی ناکامی ہے اور موجودہ حکمرانوں نے عوام کو منہگائی اور بے روزگاری کے سواکچھ نہیں دیا، یہ حکمران تو کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہیں۔
ان ہاؤس تبدیلی سے متعلق سوال پر امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی کی بات عوام کے ساتھ ایک اور مذاق ہے۔
آئی جی سندھ سے متعلق سوال پر سینیٹر سراج الحق نے جواب دیا کہ آئی جی سندھ کو سینڈوچ اور انا کا مسئلہ بنا دیا گیا ہے، سرکاری ملازم کے معاملے پر وفاق اور صوبے میں جھگڑا چل رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
کشمیر کے معاملے پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کشمیر کے معاملے پر صرف لفاظی کر رہی ہے، عملی طور پر کچھ نہیں ہو رہا۔