منی لانڈرنگ کیس: پرویز الہٰی، مونس الہٰی 23 اکتوبر کو طلب

منی لانڈرنگ کیس: پرویز الہٰی، مونس الہٰی 23 اکتوبر کو طلب


لاہور کی خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہٰی اور ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کو 23 اکتوبر بروز جمعرات طلب کرلیا۔

جج عبدالستار لنگاہ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی کو ہدایت کی کہ وہ 23 اکتوبر کو پرویز الہٰی کو پیش کریں۔

مونس الہٰی کی جانب سے پاور آف اٹارنی جمع کرواتے ہوئے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل ملک سے باہر ہیں، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق وزیر کو اپنے نمائندے کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت کی اجازت دی جائے۔

جج نے وکیل کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزم کو فوجداری مقدمے میں ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونا ہوتا ہے۔

جج نے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ 23 اکتوبر کو اپنے مؤکل کی پیشی کو یقینی بنائیں، جج نے شریک ملزم عامر سہیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔

عدالت پہلے ہی مونس الہٰی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔

قبل ازیں ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم کے برطانیہ اور اسپین کے پتوں پر سمن بھیجے جانے کی رپورٹ وزارت خارجہ کے ذریعے موصول ہوئی تھی۔ ان رپورٹس کے مطابق اسپین اور برطانیہ میں ان پتوں پر کوئی بھی دستیاب نہیں تھا۔

رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد جج نے مونس الہٰی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔

ایف آئی اے نے ملک چھوڑنے کے بعد مونس الہٰی اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کے تین مقدمات درج کیے، ان کے والد پرویز الہٰی متعدد مقدمات میں ان دنوں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں