منفی کرداروں والے کام گھر میں کروں گی تو گھر سے نکالی جاؤں گی: عائزہ خان

منفی کرداروں والے کام گھر میں کروں گی تو گھر سے نکالی جاؤں گی: عائزہ خان


مثبت و منفی کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھر دینے والی پاکستانی اداکارہ عائزہ خان کا کہنا ہے کہ اگر حقیقی زندگی میں بھی منفی کرداروں والے کام کروں گی تو گھر سے نکالی جاؤں گی۔

ان دنوں عائزہ خان اپنے ساتھی فنکاروں فہد مصطفیٰ ، گوہر خان اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی کے ہمراہ لندن میں مداحوں سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔

حال ہی میں نمائندہ جنگ جیو کی جانب سے شیئر کیا گیا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس میں عائزہ خان اسی ملاقات کے دوران مداحوں کے سوالوں کے جواب دے رہی ہیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس تقریب میں شریک ایک مداح نے عائزہ خان سے ان کے ڈرامہ ’میں‘ کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ ’کیا حقیقی زندگی میں بھی اسی طرح غصہ کرتی ہیں؟‘

عائزہ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر میرے شوہر اداکار نہیں ہوتے تو انہیں معلوم نہیں ہوتا کہ میں کب ڈرامے کے کردار میں ہوں اور عائزہ کب ہوں، حقیقی زندگی میں ڈراموں کے کرداروں کی طرح نہیں ہوسکتی ورنہ گھر سے نکالی جاؤں گی۔

انہوں نے اپنے کردار کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا مجھے اُس کردار میں دیکھ کر ڈر گیا تھا کہ کہیں اس پر تو کبھی اتنا غصہ نہیں کروں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حقیقی زندگی ڈراموں سے مختلف ہے، تاہم بطور اداکارہ یہ ہی کوشش کرتی ہوں کہ اس طرح اداکاری کروں کہ دیکھنے والوں کو وہ حقیقی لگے۔ یہ نہیں پتا کہ اتنی اچھی اداکاری کیسے ہوجاتی ہے لیکن بس اپنے کرداروں کو انتہائی اچھے انداز میں کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔

خیال رہے کہ عائزہ خان ڈرامہ ’میں‘ میں ایک ایسی شادی شدہ خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جو اپنے شوہر کی خوشی کی خاطر اس کی گرل فرینڈ سے دوسری شادی کروا دیتی ہے۔

اس سے قبل انہوں نے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں ایک ایسی شادی شدہ خاتون کا کردار ادا کیا تھا جنہوں نے امیر شخص سے محبت کی خاطر اپنے غریب شوہر کو چھوڑ دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں