منشیات اسمگل کیس میں گرفتار ہونے والی بھارتی اداکارہ و رقاصہ کریسن پریرا کو شارجہ کی جیل سے رہائی ملنے کے بعد اہلی خانہ سے بذریعہ ویڈیو کال رابطہ، ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ کریسن پریرا کے بھائی ’کیون‘ نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں شارجہ جیل سے ایک ماہ بعد رہا ہونے والی اداکارہ کو اپنے اہل خانہ سے بذریعہ ویڈیو کال بات کرتے جبکہ اداکارہ کی والدہ پرمیلا پریرا کو بیٹی کی رہائی پر خوشی سے نہال اچھلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکارہ کی والدہ پرمیلا پریرا کے مطابق کریسن پریرا کی رہائی ناقابل یقین اور ناممکن تھی، تاہم اب اداکارہ کو رہائی مل گئی ہے جس پر انہیں یقین نہیں اور وہ ان کی رہائی پر بے حد خوش اور حیرت زدہ ہیں جبکہ اداکارہ کو خوشی سے روتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
کیون نے وڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ کریسن اب آزاد ہے اور اگلے 48 گھنٹوں میں وہ بھارت میں ہوگی‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو ان کے پڑوسی نے کتوں کی لڑائی کے معاملے میں بدلہ لینے کے لیے اس کیس میں پھنسایا تھا، ان میں سے ایک ممبئی میں بیکری کا مالک انتھونی پال جبکہ دوسرا ایک بینکر راجیش بوبھیت ہے۔
پولیس کے مطابق ان دونوں نے کریسن کی رہائی کے لیے 80 لکھ روپے کی رقم کا مطالبہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق انتھونی پال اور راجیش بوبھیت مزید 5 افراد کو اسی طرح پھنسانے کی منصوبہ بندی کرچکے ہیں۔