کراچی: ملک بھرمیں کرونا وائرس کے سبب گھروں میں قرنطینہ کرنے والے مریضوں کی اموات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب تک 323مریض سیلف آئیسولیشن میں گھروں میں انتقال کرگئے۔
جنگ اور دی نیوز میں شائع ہونے والی وقار بھٹی کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں میں کم ازکم 6کورونامریض گھروں میں سیلف آئیسولیشن میں انتقال کرگئے۔
حکام نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق 182مریض سندھ میں گھروں میں سیلف آئیسولیشن کے دوران انتقال کرگئے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں گھروں میں سیلف آئیسولیشن میں سندھ میں 4، پنجاب میں جب کہ خیبرپختون خوا میں ایک، ایک شخص کاانتقال ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے دی نیوز اخبار کی ایک خبر کی تصدیق کی تھی کہ گھروں میں ہی قرنطینہ کرنے والے معمولی علامات کے ساتھ کورونا کے 182 مریض انتقال کر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں لوگوں سے رابطے میں رہتی ہیں، کورونا میں بد قسمتی سےلوگ اسپتال آنے سے گھبرارہے ہیں اور درست معلومات بھی فراہم نہیں کرتے۔
عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ گھروں میں جو ہلاکتیں ہورہی ہیں ان میں زیادہ تر لوگ ہارٹ اٹیک اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔