ملک میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد ماسک اور سینیٹائزر کی قیمتیں گر گئیں۔
کراچی
کراچی میں وبا کے دوران سرجیکل فیس ماسک کی قیمت 55 روپے تک پہنچ گئی تھی جس کے بعد سرجیکل فیس ماسک 100 عدد کے پیکٹ کی قیمت 5500 روپے تک پہنچ گئی تھی تاہم اب سرجیکل فیس ماسک 100 عدد کے پیکٹ کی قیمت 2000 روپے ہے۔
کراچی میں ہینڈ سینٹائزر کی قیمت 1200 روپے لیٹر تک پہنچ گئی تھی جو اب کم ہوکر 450 روپے لیٹر ہوگئی ہے جب کہ وبا کے دوران ڈاکٹر کٹس کی قیمت 1200 روپے ہوگئی تھی جو اب 550 روپے ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ ماسک میں استعمال ہونے والے کپڑے کی قیمت بھی کمی آئی ہے اور اسپن بورن کپڑےکی قیمت 1250 روپے کلو سے کم ہوکر 600 روپے ہوگئی ہے۔
پشاور
پشاور میں بھی سرجیل ماسک اور سینیٹائزر کی قیمت میں کمی آگئی ہے جس کے بعد 50 سرجیکل ماسک کا پیکٹ 1600 روپے سے کم ہوکر 250 روپے کاہوگیا اور این 95 ماسک کی قیمت 2500 روپے سے کم ہوکر 700 روپے ہوگئی ہے جب کہ کے 95 ماسک کی قیمت 1200 روپے سے کم ہوکر 200 روپے تک گرگئی۔
پشاور میں سینیٹائزر کی بڑی بوتل پہلے 2500 روپے کی تھی جو اب 700 روپے میں دستیاب ہے اور درمیانی بوتل کی قیمت 1200روپے سےکم ہوکر 400 روپے کی ہوگئی ہے جب کہ سینیٹائزر کی چھوٹی بوتل کی قیمت 400 سے کم ہوکر 120 روپے ہوگئی ہے۔
اسلام آباد
راولپنڈی اور اسلام آباد میں ماسک 5 سے 10 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جب کہ 60 ایم ایل ہینڈ سینیٹائزر کی قیمت 150 تک رہ گئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ کورونا عروج پر تھا تو ماسک 50 روپے میں بھی فروحت ہوا کیونکہ اس دوران ماسک کی قلت تھی لیکن اب کورونا کا زور کم ہونے پر شہریوں نے ماسک کی خریدار کم کردی ہے۔