اسلام آباد: ملک میں حساس قیمتوں کے اشاریہ (ای پی آئی) کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی 0.44 فیصد کمی سے 8.2 فیصد کی سطح پر آگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں جس کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی 0.44 فیصد کمی سے 8.2 فیصد کی سطح پر آگئی، گزشتہ ہفتے 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 11 میں کمی ہوئی جبکہ 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیاز 18.15 فیصد، لہسن 12 فیصد، ٹماٹر 7.34 فیصد، آلو 5.65، آٹا 2.57 فیصد اور ایل پی جی سلنڈر 3.85 فیصد سستا ہوا جبکہ چینی، گھی، انڈے اور آئل کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی۔
گزشتہ ہفتے دال مونگ 7.85، مسور 7.83، ماش 3.29 اور دال چنا کی قیمتیں 2.33 فیصد بڑھ گئی ہیں گزشتہ سال کے مقابلے میں دال مونگ 95 فیصد، آلو 85 فیصد، دال ماش 60 فیصد مہنگی ہیں۔
ایک سال میں لہسن 60 فیصد، انڈے 45 فیصد، پیاز 36 فیصد، دال مسور 40 فیصد، دال چنا 31 فیصد مہنگی ہوئی جب کہ کوکنگ آئل، گھی، گڑ اور کپڑوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔