پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہندو برادری اپنا رنگوں بھرا مذہبی تہوار ہولی بھرپور جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔
اسکولوں اور کالجوں میں بھی ہولی کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی گئی ہیں جہاں طالب علم رقص اور رنگوں سے خوب لطف اندوز ہوتے نظر آرہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ٹوئٹ کے ذریعے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی گئی۔
بلوچستان میں ہولی کے موقع پر ہندو برادری کیلیے تعطیل کااعلان
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ہولی کےتہوار کے موقع پر صوبہ بھر میں ہندو برادری کے لیے دو دن کی تعطیل کااعلان کیا ہے۔
جام کمال خان نے ہندو برادری کے مذہبی تہوار ہولی کے حوالے سے بلوچستان بھر میں ہندو برادری کے لیے 9 اور 10 مارچ کو دو دن کے لیے تعطیل کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ ہندو برادری کے مذہبی تہوار ہولی میں تمام لوگ ایک دوسرے کو رنگوں میں رنگتے ہیں جب کہ اس موقع پر ہندو برادری کی جانب سے مندروں میں دعائیہ تقاریب اور پوجا کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔