بیرون ممالک سفر کرنے والے افراد کو کورونا کے بوسٹر شاٹس لگانے کے لیے ملک بھر میں سینٹرز قائم کردیے گئے۔
وفاقی وزارت صحت کے مطابق پاکستان بھر میں مجموعی طور پر 21 بوسٹر سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے لوگ اضافی ڈوز لگوا سکتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں 6، سندھ میں 5، خیبرپختونخوا (کے پی) میں 4، بلوچستان میں ایک، گلگت بلتستان میں 2، آزاد کشمیر میں 2 اور اسلام آباد میں ایک بوسٹر سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا کہ بوسٹر شاٹس لگوانے والے شخص کو ایک ڈوز کے 1270 روپے ادا کرنے ہوں گے اور ڈوز کی قیمت کو کسی بھی نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کی برانچ میں آن لائن جمع کروایا جا سکے گا۔
پنجاب میں دارالحکومت لاہور میں دو جب کہ فیصل آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ اور ملتان میں ایک ایک بوسٹر سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
اسی طرح سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تین جب کہ حیدرآباد اور سکھر میں ایک ایک سینٹر بنایا گیا ہے۔
کے پی میں پشاور، سوات، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسمٰعیل (ڈی آئی) خان میں بالترتیب ایک ایک سینٹر جب کہ بلوچستان میں صرف دارالحکومت کوئٹہ میں ایک سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر کے مظفر آباد اور میرپور جب کہ گلگت بلتستان کے اسکردو اور گلگت میں سینٹر کھولا گیا ہے جب کہ ایک سینٹر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بنایا گیا ہے۔
حکومت نے بوسٹر شاٹس صرف ان افراد کو لگوانے کی تجویز دی ہے جو بیرون ممالک کا سفر کریں گے، کیوں کہ کئی ممالک نے داخلے کے لیے کورونا کی چینی ویکسین لگوانے والوں کے لیے اضافی خوراک کی شرط عائد کر رکھی ہے۔
چند روز قبل سعودی عرب نے بھی منظور شدہ ویکسینز کے بوسٹر ڈوز کے ساتھ چین کی کووِڈ 19 ویکسینز سائنوفارم یا سائنوویک لگوانے کی منظوری دے دی تھی۔
سعودی عرب میں پہلے ہی چار ویکسین فائزر، ایسٹرازینیکا، موڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن کو لگوانے کی منظوری دی گئی تھی۔
سعودی وزارت صحت نے کہا کہ جنہوں نے اپنی ویکسی نیشن سائنوفارم یا سائنوویک کے ساتھ مکمل کی ہے انہیں سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی بشرطیکہ انہوں نے ریاض سے منظورہ شدہ ویکسین کا بوسٹر ڈوز لگوایا ہو۔
دوسری جانب ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس ویکسین کا مرکب انسانوں کے لیے محفوظ ہونے سے متعلق کوئی تحقیق موجود نہیں ہے اس لیے بوسٹر شاٹس نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔