ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا، خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ


اسلام آباد: ملک بھر میں آج تراویح ہوگی اور کل پہلا روزہ رکھا جائے گا جب کہ خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ رکھا گیا ہے۔ 

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے گزشتہ اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جب کہ پشاور کی مسجد قاسم علی خان نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔

مسجد قاسم علی خان کے اعلان کے بعد صوبائی دارالحکومت پشاور، خیبر، ہنگو، باجوڑ، چارسدہ اور مہمند میں آج پہلا روزہ رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبے میں سرکاری سطح پر آج روزہ نہیں اور منگل کو پہلا روزہ ہوگا۔

خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع کو چھوڑ کر ملک بھر میں آج نماز تراویح ہوگی جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جب کہ عوام نے ماہ صیام کے لیے بھی تیاریاں تیز کردیں۔

کوئٹہ میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شہر کے پانچ مختلف مقامات پر سستے بازار اور افطاری کے اہتمام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن فاروق لانگو کے مطابق منی مارکیٹ، نواں کلی، سریاب روڈ، جوائنٹ روڈ اور مٹن مارکیٹ میں سستے بازار اور افطاری کا اہتمام  کیا جائے گا، عوام حکومت کے ریلیف کے حوالے سے اقدامات سے فائدہ اٹھائیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں