ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر


ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث اب سبزی بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہوگئی۔

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مارکیٹوں میں بھی سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں جہاں ٹماٹر فی کلو 270 سے 300 روپے،  آلو فی کلو 120 سے 150 روپے اور   پیاز فی کلو 100 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی شہری سبزیوں کی ہوشربا قیمتوں سے پریشان ہیں جہاں ٹماٹر 260 سے 300 روپےفی کلو تک فروخت ہورہے ہیں جبکہ پیاز 80 روپے فی کلو اور آلو 50 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں۔

روز مرّہ کھانے میں استعمال کی جانے والی سبزی ادرک اور لہسن کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ادرک اور  لہسن 200  سے 400 روپے فی کلو میں فروخت ہورہاہے۔

 کوئٹہ میں بھی ٹماٹر160سے 200 روپےفی کلو میں فروخت ہورہا ہے جب کہ پیاز 80 ، آلو 40 سے 50روپےفی کلو ،لہسن اورادرک 400 روپےفی کلو، مٹر 200 روپے، شملہ مرچ 160روپے اوربھنڈی 120روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

سبزی کی بڑھتی قیمتوں کو حوالے سے عوام کا کہنا ہے کہ  مارکیٹ اور بازار میں سبزیوں کے ریٹس مختلف ہیں، عوام نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا ہے سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔


اپنا تبصرہ لکھیں