پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے بگڑتے حالات اور ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں پر بول پڑیں۔
فوٹو ایند ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری میں اداکارہ اشنا شاہ نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں ایک خاتون لوٹ مار کرنے والے افراد سے پوچھتی سنائی دیتی ہیں کہ انہوں نے توڑ پھوڑ کے دوران کیا لوٹا؟
ویڈیو میں سوال کرنے والی خاتون دکھائی نہیں دیتیں، تاہم ان کی آواز صاف سنائی دیتی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ کو اشنا شاہ نے ری شیئر کرتے ہوئے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’لوٹ مار کبھی بھی اچھی چیز نہیں بلکہ یہ ایک لعنت ہے‘ ۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے احتجاجی مظاہرین کی جانب سے کھانے پینے کی اشیاء لوٹنے پر حیرانی و پریشانی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب اداکار، ہدایت کار و میزبان یاسر حسین نے بھی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے ملک کے حالات پر اپنا تبصرہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’بچپن میں بہت ویڈیو گیمز کھیلی ہیں، مگر جو گیم اس وقت پاکستان میں چل رہی ہے، سمجھ سے باہر ہے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ اس گیم کی بلا پتا نہیں کب سامنے آئے گی، اللہ خیر کرئے‘۔
خیال رہے کہ عمران خان کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا اور 10 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے ان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان نے لاہور سمیت ملک بھر میں مظاہرے اور احتجاج شروع کردیے تھے جس میں گزشتہ روز تک کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 27 افراد زخمی ہوگئے تھے۔