ملکی معیشت کو فروغ دینے کے لیے قلیل مدتی حکمت عملی تیار


اسلام آباد:  وزیر اعظم کے تھنک ٹینک نے معیشت کو فروغ دینے کیلیے قلیل مدتی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی جبکہ سیلز ٹیکس کی شرح میں تبدیلی اور ریفنڈز سمیت دیگر مالیاتی تجاویز پر ایف بی آر سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کوویڈ 19 سے پیدا معاشی صورتحال کے جائزہ اجلاس میں کہا وفاق کے ساتھ صوبائی حکومتوں کی طرف سے مالی ، مالیاتی اور دیگر پالیسی ردعمل کو ڈیزائن کرنے کے تجربے سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں کم ، درمیانے اور اعلی معاشی اثرات کے ساتھ ایک سے زیادہ قابل عمل موضوعات کی نشاندہی کرکے نمٹنے کاطریقہ وضع کیاگیا۔شرکا ء نے 6ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی جو معیشت کو فروغ دینے میں معاون ہونگے۔

ان میں سماجی تحفظ ، غذائی تحفظ، فراہمی کے تحفظ، بنکوں کے کردار میں اضافے، کم لاگت گھرانوں کی تعمیر کے منصوبوں کے آغاز، سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کو مزدورں کیلئے موثر بنانے اور کاروبار کو سہولت شامل ہے۔اجلاس میںوزیر اعظم کے اقتصادی پیکج پر عمل درآمد کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں