ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 وکٹ سے شکست دے دی


کراچی: 

پی ایس ایل فائیو کے 27 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو تین وکٹ سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 27 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے بیٹنگ انڈر 19 کے کپتان اور پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے روہیل نذیر نے شروع کی، ان کے ساتھ ذیشان اشرف اوپننگ کے لیے میدان میں اترے اور ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

راحت علی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا، روہیل 14 رنز کی اننگز کھیل کر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے اسی طرح ذیشان اشرف بھی 52 رنز کی اننگ کھیل کر کامران کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ راحت علی نے تیسرا شکار معین علی کو بنایا جو صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

حسن علی نے شان مسعود کو 28 رنز پر آؤٹ کردیا جبکہ آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی روی بوپارہ تھے جو عامر علی کا شکار بنے انہوں نے 5 رنز اسکور کیے۔ چھٹے کھلاڑی شاہد آفریدی تھے جو وہاب ریاض کی گیند پر عمیر امین کو کیچ دے بیٹھے، آفریدی نے 19 رنز اسکور کیے۔

دوسری اننگ

ملتان سلطانز کے 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ شروع کی۔ کامران اکمل اور امام الحق نے اوپننگ کی، کامران اکمل چند گیندوں بعد ہی دو رنز پر آؤٹ ہوگئے ان کی جگہ وہاب ریاض آئے اور وہ بھی ٹک نہ سکے جو کہ تین رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کھلاڑی عمر امین نے 23 گیندوں پر 29 رنز اسکور کیے اور معین علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ امام الحق سہیل تنویر کی گیند پر شان مسعود کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں ںے 41 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔ حیدر علی ایک رن بناسکے۔

حیدر علی کے بعد شعیب ملک 30 رنز بناکر علی شفیق کی گیند پر شاہد آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 19 ویں اوور میں حماد اعظم 7 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔ پشاور زلمی پورے اوور کھیلتے ہوئے 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکی۔

خیال رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں کوئی بھی انٹرنیشنل کھلاڑی شامل نہیں، وہ پہلے ہی کورونا وائرس کے خوف سے پی ایس ایل سے دست بردار ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے سندھ حکومت کی سفارش پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے اگلے میچز بند گراؤنڈ میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں شائقین کی انٹری مکمل طور پر بند ہے تاہم پی سی بی کے منظور شدہ مخصوص افراد ہی گراؤنڈ میں جاسکیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں