ممبئی:
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پرمبنی بالی ووڈ فلم ’’گل مکئی‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔
اس فلم میں ملالہ یوسفزئی کے تعلیم کے حصول اوران کے خاندان کی راہ میں آنے والی مشکلات کو دکھایا گیا ہے۔ ٹریلرمیں طالبان کی جانب سے سوات کی خواتین پرتعلیم کے حصول پر پابندی عائد کرنے کے بعد ملالہ اوران کے خاندان کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔
فلمسازوں کے مطابق فلم ’’گل مکئی‘‘ ملالہ کے بہادرسفر اور جدوجہد کا محاسبہ کرتی ہے ۔ ہم نے اس فلم کے ذریعے ملالہ کو ان کی جدوجہد کے لیے خراج تحسین پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم’’گل مکئی‘‘ میں ملالہ یوسفزئی کا کردار بھارتی اداکارہ ریم شیخ ادا کررہی ہیں جب کہ ملالہ کی والدہ کا کردار اداکارہ دیویا دتہ، والد کا کردار اتول کلکرنی اداکررہے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں مکیش رشی اور پنکج تریپاٹھی شامل ہیں۔ فلم کی ہدایت امجد خان دے رہے ہیں یہ فلم رواں ماہ 31 تاریخ کو ریلیز کی جائے گی۔