وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بلا خوف بےنقاب کرتا رہےگا۔
وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے لیے پاکستان کے مزید 3 برس کے لیے انتخاب پر نہایت شاد ہوں۔
عمران خان نے لکھا کہ اس بڑی سفارتی کامیابی پر میں دفترِ خارجہ اور بیرونِ ملک موجود پاکستان کے سفارتی مشنز کے کردار کو سراہتا ہوں جن کی کاوشوں سے عالمی افق پر پاکستان کی حیثیت اور ساکھ میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے لکھا کہ برداشت کے فروغ اور تعمیری سرگرمیوں کو اپنی ترجیحات کا حصہ بناتے ہوئے ہم سب کے لیے انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم کیے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف احترامِ باہمی کی حمایت میں بھی ہمارا مؤقف غیر متزلزل ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اتفاقِ رائے کے حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھےگا اور یقینی بنائے گا کہ کونسل کے کام کی بنیاد عالمگیریت، غیرجانبداریت، گفت و شنید اور تعاون کے اصولوں پر استوار ہو۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بلاخوفِ احتساب خلاف ورزیاں بھی بےنقاب کرتا رہے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان آئندہ تین برسوں کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہو گیا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 193 ممالک میں سے 169 ووٹ حاصل کیے۔