مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بدترین ریاستی دہشت گردی بدستور جاری


مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے بدترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نومبر میں 7 کشمیریوں کو شہید اور 80 سے زائد افراد کو زخمی کیا۔

مقبوضہ کشمیر قابض بھارتی انتظامیہ کو کرفیو نافذ کیے 119 روز ہو چکے ہیں تاہم اس کے باوجود وادی کی صورت حال انتہائی کشیدہ ہے اور کشمیریوں کی بڑی تعداد تمام تر پابندیوں کے باوجود آئے روز اپنے حقوق کے لیے قابض فوج کے خلاف مظاہرے کر رہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے سفاکانہ کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ ماہ 7 کشمیریوں کو شہید اور 82 کو زخمی کیا۔

کے ایم ایس کے مطابق کشمیریوں کو پیلٹ گنوں، فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کر کے زخمی کیا گیا۔

کے ایم ایس رپورٹ کے مطابق نومبر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری رہی اور گھروں پر چھاپے مار کر 60 کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے محاصروں کے دوران 3 گھروں کو تباہ کیا جب کہ مساجد میں 5 اگست سے جمعہ کی نماز ادا کرنے پر پابندی ہے  اور وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بدستور معطل ہے جس کی وجہ سے ہزاروں نوجوان بے روزگار ہو گئے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں