مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا


سری نگر: قابض بھارتی فوج اور پولیس نے رات گئے ضلع کلگام میں محاصرہ کرتے ہوئے فائرنگ کر کے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع کلگام کے مختلف علاقوں کا گزشتہ رات محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔

پولیس اور فوج کے دستوں نے گاؤں کٹاپورا میں تلاشی کے دوران فائرنگ کر کے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے بعد علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔

بھارتی فورسز کی جابرانہ کارروائی کے خلاف علاقے کے نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور قابض فورسز پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں فورسز کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

قابض انتظامیہ نے اننت ناگ اور کلگام میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل کردی۔

دوسری جانب تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف سہرائی نے علاقوں کے محاصرے، سرچ آپریشن اور نوجوان افراد کو حراست میں لیے جانے کی شدید مذمت کی۔

سری نگر سے جاری اپنے بیان میں اشرف سہرائی نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز کی جانب سے موسم سرما میں محاصرے اور چھاپے کشمیریوں کو اجتماعی طور پر سزا دینے کے مترادف ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں