نئی دلی:
بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیرمیں پابندیوں سے متعلق کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے کو دبانے کیلئے دفعہ 144 کواستعمال نہیں کیا جاسکتا۔
بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 5 اگست کو بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو ودیگرپابندیوں کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔ جسٹس این وی رامانا، جسٹس سباش ریڈی اور جسٹس بی آر گوائی پرمشتمل تین رکنی بنچ نے 27 نومبر کو محفوظ کیے جانے والا فیصلہ سنایا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کوئی شک نہیں کہ جمہوری نظام میں اظہار رائے کی آزادی اہم ہوتی ہے، اظہاررائے کی آزادی کے تحت انٹرنیٹ تک رسائی بنیادی حقوق میں شامل ہے، اختلاف رائے کو دبانے کیلئے دفعہ 144 کواستعمال نہیں کیا جاسکتا، انٹرنیٹ کو محدود یا معطل کرنے کے احکامات کی عدالتی جانچ ہوگی۔