مغربی ہواؤں کا سسٹم عراق، ایران اور افغانستان کے شمالی حصوں کو متاثر کر رہا ہے اور یہ سسٹم پاکستان سمیت کراچی کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
رواں سال مغربی ہواؤں کا سسٹم غیر معمولی طور پر عراق، ایران اور افغانستان کے شمالی حصوں کو متاثر کر رہا ہے۔
اس سسٹم کے اثرات سعودی عرب، خلیجی ریاستوں اور عمان میں غیر معمولی طور پر سردی کی شدت میں اضافے کی صورت میں نظر آئیں گے، مغربی سسٹم کے باعث ہی کربلا اور بغداد میں 12 سال کے بعد فروری میں برف باری ہو رہی ہے۔
دوسری جانب یہی مغربی ہواؤں کا سسٹم کل سے بلوچستان کے شمالی اور ملک کے بالائی اور مغربی حصے پر اثرا انداز ہوگا، اس سسٹم کے باعث کراچی میں بھی کل سے سردی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق 11 سے 13 فروری کے دوران کراچی میں سردی کی شدت کم رہے گی جب کہ مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث ملک کے جنوبی حصے کو سائیبرین ہوائیں متاثر کرنا چھوڑ دیں گی۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سائیبرین ہوائیں نہ چلنے کے باعث دن میں درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جب کہ رات میں درجہ حرارت 15 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ 14 فروری سے ایک بار پھر صبح میں موسم خنک اور رات میں سرد ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق رواں سال موسم سرما طویل رہے گا، عام طور پر 15 فروری کے بعد موسم گرم ہو جاتا ہے لیکن اس بار فروری کے آخر تک موسم خنک رہے گا۔