کراچی:
پاکستان میں معیاری کرکٹ پچز کی تیاری میں مدد کے لیے آئی سی سی کے کنسلٹنٹ برطانوی ماہر کیوریٹر اینڈی ایٹکنسن کراچی پہنچ گئے، انھوں نے نیشنل اسٹیڈیم کی پچز کا معائنہ کیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف کیوریٹر آغا زاہد نے انھیں بریفنگ دی، وینیو کے ہیڈکیوریٹر محمد ریاض بھی ہمراہ تھے، اینڈی ایٹکنسن نے گراؤنڈ اسٹاف سے ملاقات کی،انھوں نے اسٹیڈیم میں پچز کی تیاری کے لیے رکھے گئے سامان کی خستہ حالی پر حیرت کا اظہار کیا۔
اینڈی ایٹکنسن کراچی میں ورکشاپ کا انعقاد کرتے ہوئے اسٹاف کی رہنمائی کریں گے،وہ اس کے بعد لاہور، ملتان اور راولپنڈی سینٹرز کا بھی دورہ کرنے کے بعد پچزکے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو تفصیلی رپورٹ دیں گے، ان کی تجاویز کی روشنی میں ملک میں پچز کا معیار بہتر بنانے کاکام کیا جائے گا۔ اینڈی ایٹکنسن پہلی بار 2001 میں پاکستان آئے تھے، 2004 اور 2006 میں بھارت کیخلاف سیریز سے قبل بھی ان کی خدمات لی گئی تھیں۔