کراچی:
بینکوں کے ذریعے رواں سال زکوٰة وصولی میں نمایاں کمی آئی جس کے باعث زکوة کے مستحقین کوبھی مشکلات کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔
ملک میں معاشی بدحالی کے باعث بینکوں کے ذریعے رواں سال زکوٰة وصولی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جس کی وجہ سے لاکھوں زکوة کے مستحقین کو بھی مشکلات کا شکارہونے کا خدشہ ہے تاہم مجموعی طورپرملک بھرسے زکوٰة وصولی میں کمی کے سبب صوبوں کا شیئرکم ہوگیا ہے۔
دستاویزکے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ کو 23.71 فیصد کی شرح سے زکوٰة فنڈ منتقل کیا ہے، رواں سال سندھ کو زکوة کی مد میں ایک ارب 74 کروڑ84 لاکھ روپے موصول ہوئے جب کہ گزشتہ سال سندھ کووفاق سے زکوٰة فنڈ کی مد میں دو ارب روپے سے زائد رقم ملی تھی۔
محکمہ زکوٰة سندھ کا مستحقین کی امداد کے لئے سالانہ بجٹ ڈھائی ارب روپے ہے، سندھ میں ایک لاکھ رجسٹرڈ مستحقین زکوٰة کو گزارہ الاؤنس کی مد میں تقریباً ڈیڑھ ارب روپے تقسیم کئے جاتے ہیں۔