اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے۔
وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق نے ملاقات کی جس دوران انہوں نے وزیراعظم کو حکومتی اصلاحات کے ایجنڈے کو اجاگر کرنے کے لیے وزارت کی جانب سے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی، مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود کمزور طبقوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے، حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 ماہ میں حکومت نے سماجی، معاشی و اقتصادی اور انتظامی شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں، ماضی میں ان اصلاحات کی نظیر نہیں ملتی۔