پنجاب میں مصنوعی بارش کے مقامی طریقہ کار کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں ‘سیڈ کلاؤڈنگ’ کے ذریعے بارش ہوئی۔
ڈان نیوز کے مطابق، محکمہ موسمیات نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ اس منصوبے میں افواج پاکستان کے سائنسی تحقیق اور ترقی کے ماہرین (ایس پی ڈی)، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) اور پنجاب حکومت نے مشترکہ طور پر کام کیا۔
ماہرین نے بتایا کہ دوپہر 2 بجے ‘کلاوڈ سیڈنگ’ کی گئی تھی، جس کے بعد چند گھنٹوں میں جہلم اور گوجر خان میں بارش ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ‘کلاؤڈ سیڈنگ’ کے اثرات لاہور تک پہنچنے کا بھی امکان ہے، اور اس مصنوعی بارش سے اسموگ میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
ادھر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیاب تجربے پر تمام متعلقہ اداروں اور سائنسی ماہرین کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “آج آپ کی محنت اور لگن سے پنجاب نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، اور پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔”
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، “الحمدللہ، آج بارش کی صورت میں خوشخبری ملی ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کے تعاون سے مصنوعی بارش کا تجربہ کیا گیا تھا، لیکن اس بار 100 فیصد مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے یہ کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔