مشرقی آسٹریلیا میں جھاڑیوں میں آگ لگنےسے 3 افراد ہلاک، متعدد لاپتا


مشرقی آسٹریلیا میں جھاڑیوں میں آگ لگنے سے تین افراد ہلاک اور  متعدد  لاپتا ہوگئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق  آسٹریلیا کی  ریاست کوئنزلینڈ کے جنگلات میں گزشتہ تین دن سے لگی آگ اب تک بے قابو ہے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جب کہ متعدد افراد لاپتا ہیں۔

ریاست کوئنزلینڈ اور نیو ساؤتھ ویلز کے درمیان تقریباً 100 سے زائد مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے جس پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

جنگلات میں آگ لگنے کے باعث 150 سے زائد مکانات جل کر تباہ ہوگئے جس کی وجہ سے مقامی افراد بے گھر ہو کر رہ گئے ہیں اور وہ امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

آگ لگنے کے واقعے پر آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا اور حکام کو ان کی ہر ممکن  مدد کرنے کی ہدایت کی۔

آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن  کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے والے 1300 افراد پر مشتمل عملے کی سپورٹ اور مدد کے لیے فوج کو بلا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث اس ہفتے مزید آگ لگ سکتی ہے جس کی لپٹ میں سڈنی کے آنے کا بھی امکان ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں