مسلسل حملوں کا نشانہ بن کر تھک گیا ہوں: سلمان خان کی پولیس سے گفتگو

مسلسل حملوں کا نشانہ بن کر تھک گیا ہوں: سلمان خان کی پولیس سے گفتگو


بالی ووڈ کے معروف اداکار، سلمان خان عرف سلو بھائی نے اپنی جان کے دشمنوں کی جانب سے مسلسل ٹارگٹ کیے جانے پر مایوسی اور تھکاوٹ کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سلمان خان نے پولیس اہلکاروں کو دیے گئے اپنے حالیہ بیان میں ٹارگٹڈ حملوں کا نشانہ بننے پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کا جان کو خطرہ لاحق ہونے اور بھاری نفری کے درمیان رہنے پر کہنا ہے کہ مسلسل نشانہ بننے سے تھکن اور مایوسی محسوس ہونے لگی ہے۔

یاد رہے کہ اداکار سلمان خان کو بدنامِ زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے مبینہ طور پر مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے۔

سلمان خان نے کرائم برانچ کے سامنے ایک بار پھر اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے ایک ایسے جرم کا نشانہ بنائے جانے پر مایوسی اور تھکن کا اظہار کیا جس پر پہلے ہی وہ بہت زیادہ نقصان اٹھا چکے ہیں اور مختلف عدالتوں کی جانب سے عائد کیے گئے جرمانے بھی ادا کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 1998ء میں سلمان خان پر فلم کی شوٹنگ کے دوران جودھ پور کے قریب جنگل میں کالے ہرن کے شکار کا الزام ہے، لارنس بشنوئی گینگ 1998ء سے ہی سلمان خان کو قاتلانہ حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔

رواں سال کی 13 اپریل کو بشنوئی گنگ کے دو کارندوں کی جانب سے سلمان خان کی باندرہ رہائش گاہ پر فائرنگ کی گئی تھی، اس معاملے پر سٹی کرائم برانچ تحقیقات کر رہی ہے جس کے سلسلے میں 4 جون کو سلمان خان اور ان کے بھائی ارباز خان کے بیانات بھی ریکارڈ کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے حال ہی میں بشنوئی گینگ کے ایک اور دھڑے کو گرفتار کیا ہے جس نے مبینہ طور پر اداکار کو اس کے پنول فارم ہاؤس کے قریب گھات لگا کر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں