مداح کی مبینہ خودکشی کے معاملے پر جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے اداکار این ٹی آر جونیئر نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل این ٹی آر جونیئر کے مداح شیام نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔ متوفی کے اہلِ خانہ نے اس خودکشی پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے اسے قتل قرار دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر اداکار کے اس مداح کیلئے انصاف کی مہم شروع ہوئی جس میں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ سیاسی شخصیات بھی شامل ہوگئیں۔
اپنے تقریباً ہر ایونٹ میں جانے آنے والے اس مداح کی موت پر این ٹی آر جونیئر نے ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے متعلقہ حکام سے اس مبینہ خودکشی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر تیلگو زبان میں اپنے اس پیغام میں این ٹی آر جونیئر نے تحریر کیا ’شیام کی موت کا سن کر انتہائی دکھ ہوا۔ میں انکے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ میں حکومتی عہدیداروں سے درخواست کرتا ہوں کہ اس معاملے کی فور تحقیقات کی جائیں۔