چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ مخصوص طاقتیں پیپلز پارٹی کو ناکام کرنا چاہتی ہیں۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سیاسی بنیادوں پر بنی ہے، یہ جعلی رپورٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں وکلا صفائی کا موقف ہے ہی نہیں ہے، قانونی معاملات پر جواب ہم عدالت میں دیتے ہیں، آصف زرداری خود عدالت میں پیش ہوئے اور جے آئی ٹی کو جواب دیئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سرکاری عہدے پر تعینات شخص کو غیر سیاسی ہونا چاہیے، لیکن نیب اور دیگر ادارے حکومت کے دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداروں پر دباؤ ڈال کر سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنی نالائق اور نا اہل حکومت زندگی میں نہیں دیکھی، حکومت ہمارا مقابلہ انتخابات میں نہیں کر سکتی، وہ جانتے ہیں کہ صرف دھاندلی سے ہی ہم سے الیکشن جیت سکتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت نا تجربہ کار ہے، نہ وفاق میں کردار ادا کر سکتی ہے اور نہ ہی پنجاب چلا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری تمام سیاسی قوتوں کو ملا کر لے کر چل سکتے ہیں، آصف زرداری ہی واحد سیاستدان ہیں جنہوں نے صدارتی مدت پوری کی۔
آصف علی زرداری کی گرفتاری سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں جب ایک سال کا تھا تو اس وقت سے آصف زرداری کی گرفتار ی کا سن رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نظریاتی سیاستدان ہیں، اس طرح کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، آصف زرداری کو پہلے بھی جرم کے بغیر 11 برس جیل میں ڈالا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی کوششیں بھٹو اور بے نظیر کے دورمیں کی جاتی رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مخصوص طاقتیں پیپلز پارٹی کو ناکام کرنا چاہتی ہیں لیکن ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
آصف زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے گفتگو سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس کی طرف نہیں جا رہے، ایشوز کی سیاست کرتے ہیں۔