محی الدین یاسین ملائیشیا کے نئے وزیراعظم بن گئے، سیاسی بحران مزید سنگین ہو گیا


ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کے مستعفی ہونے کے بعد وہاں پیدا ہونے والا سیاسی بحران مزید سنگین ہو گیا۔

گزشتہ ہفتے مہاتیر محمد نے اپنی اتحادی جماعت کے سربراہ انور ابراہیم سے اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مہاتیر محمد نے اپنے استعفے کے باعث پیدا ہونے والے سیاسی بحران پر عوام سے معافی بھی مانگی تھی۔ انہوں نے ملائیشیا کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز ملائیشین میڈیا کے ذریعے اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ مہاتیر محمد نے اپنی اتحادی جماعت سے معاملات طے پانے کے بعد ایک بار پھر وزیراعظم بننے کے لیے حامی بھر لی ہے۔

تاہم آج ملائیشیا کے بادشاہ نے محی الدین یاسین کو ملک کا نیا وزیراعظم بنانے کی منظوری دی جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق محی الدین یاسین کو سابق وزیراعظم نجیب رزاق کی پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔ محی الدین یاسین 9 مارچ کو پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

مہاتیر محمد نے محی الدین یاسین کے وزیراعظم بننے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ایسا لگ رہا کہ میرے ساتھ دھوکا کیا گیا کیونکہ  مجھے 222 رکنی پارلیمنٹ کے 114 ارکان کی حمایت حاصل تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کتنی عجیب بات ہے 2018 کے انتخابات میں ہارے ہوئے لوگ اب حکومت بنائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں