’محمد وسیم آل دا بیسٹ‘، وسیم اکرم نے ویڈیو جاری کردی


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان کے ٹاپ پروفیشنل باکسر محمد وسیم کی اگلی فائٹ سے قبل ان کی حوصلہ افزائی کیلئے وڈیو پیغام جاری کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ محمد وسیم باکسنگ رنگ میں اپنی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

وسیم اکرم کی جانب سے جاری کردہ وڈیو پیغام میں سابق کپتان نے کہا ہے کہ ان کی نیک خواہشات محمد وسیم کے ساتھ ہیں، وہ ان کو دو مرتبہ کے سابق عالمی چیمپئن کیخلاف فائٹ کیلئے ’آل دا بیسٹ‘ کہنا چاہیں گے۔

وسیم اکرم نے قومی باکسر کی پچھلی باؤٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وسیم نے پچھلی فائٹ میں چند سیکنڈز میں ہی اپنے حریف کو آؤٹ کلاس کیا تھا، امید ہے اس بار بھی ایسا ہی ہو۔

واضح رہے کہ محمد وسیم 22 نومبر کو دبئی میں میکسیکو کے گینیگن لوپیز کیخلاف ایکشن میں ہوں گے، اس سے قبل ستمبر میں اپنی فائٹ میں دبئی ہی میں وسیم نے اپنے فلپائنی حریف کو 82 سیکنڈز میں چت کردیا تھا۔

سابق کرکٹ کپتان نے کہا کہ وہ اور پوری قوم باکسر محمد وسیم کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب ایک بیان میں باکسر وسیم نے کہا کہ پچھلی بار دبئی کی فائٹ میں جیت کے بعد انہیں بہت سپورٹ ملی جس سے ان کے حوصلے بلند ہیں، وہ ایک مرتبہ پھر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کیخلاف بھرپور فائٹ کریں گے۔

وسیم نے کہا کہ وہ ورلڈ چیمپئن شپ جیتنا چاہتے ہیں، وہ یہ ٹائٹل اپنی عوام کیلئے حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس کیلئے وہ اپنے کوچ ڈینی واہن کے ساتھ سخت محنت کررہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں