حال ہی میں اپنے اغواء کی کوشش کو ناکام بنانے والی پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ نمرہ خان نے ان پر تنقید کرنے والوں کو کَھری کَھری سُنا دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مختلف ویڈیوز اپنی اسٹوریز شیئر کی ہیں۔
مذکورہ ویڈیو میں اداکارہ نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ مجھ پر نہیں بلکہ جرم پر توجہ دیں، اغواء کاروں کا نشانہ اداکارہ نمرہ خان نہیں تھی بلکہ وہ ایک لڑکی کو اغواء کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی کہانی سوشل میڈیا پر آکر سنانے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تمام لڑکیاں اپنی حفاظت کریں اور وہ لڑکیاں جن کے ساتھ ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں وہ انہیں رپورٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو کا مقصد صرف یہ ہے کہ تمام لڑکیاں اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں، اس دن اس جگہ کوئی بھی لڑکی ہوسکتی تھی، ان اغواء کاروں کے چہرے دیکھ کر معلوم ہوتا تھاکہ وہ مجھے جانتے تک نہیں تھے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے میں ان کی بجائے جرم کو ہائی لائٹ کریں۔
نمرہ خان نے یہ واضح بھی کیا کہ انہیں کسی قسم کی توجہ یا ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے شوبز انڈسٹری کی طاقت کے حوالے سے بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے بار معلوم ہوا ہے کہ صرف سوشل میڈیا طاقتور نہیں ہے بلکہ ہماری انڈسٹری بھی طاقتور ہے، ہم متحد ہیں، مجھے انڈسٹری کے لوگوں نے جتنا سپورٹ کیا، حمایت کی، جس طرح میرے ساتھ کھڑے ہوئے، میرے لیے نیک خواہشات بھیجیں اس پر میں سب کی شکر گزار ہوں۔