‘مجھے بھی کیریئر میں کئی بار جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا’


پاکستان کی نامور اداکارہ عائشہ عمر نے بھی ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی انڈسٹری میں کئی مرتبہ جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکارہ حال ہی میں احسن خان کے شو ‘بول نائٹس ود احسن’ میں جلوہ گر ہوئیں جس میں ان کے ہمراہ موسیقار شجاع حیدر بھی شو کا حصہ بنے۔

انٹرویو کے دوران احسن خان نے اداکارہ سے می ٹو مہم پر ان کی رائے پوچھی تو اس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ مہم صرف خواتین کے لیے ہی نہیں مردوں کے لیے بھی بےحد ضروری ہے۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ ‘یہ مہم بےحد ضروری ہے کیوں کہ اس کی وجہ سے وہ تمام خواتین اور مرد سامنے آئے جنہیں کبھی جنسی ہراساں کیا گیا اور وہ کچھ کہہ نہیں سکے، ہماری اپنی انڈسٹری میں بہت سی خواتین اور مردوں کو جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہے’۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ‘کوئی بھی جسے زندگی میں کسی لمحے یہ ہمت ملے کہ اسے سامنے آکر ایسے تجربات بتانے ہو یہ یقیناً قابل تعریف ہے’۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یقیناً بہت سے لوگ اس مہم کا غلط استعمال بھی کررہے ہوں گے لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ یہ مہم غلط ہے۔

عائشہ عمر نے انکشاف کیا کہ انہیں بھی اپنی زندگی اور اپنے کیریئر میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس دوران ان کا کہنا تھا کہ ‘میں سمجھ سکتی ہوں کہ لوگوں کو کیسا لگتا ہوں گا کیوں کہ میں خود اپنی زندگی اور کیریئر میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرچکی ہوں، مجھ میں ہمت نہیں کہ میں ان واقعات کے بارے میں ابھی بات کروں، شاید کبھی ایسا وقت آیا تو میں بھی اس حوالے سے بات کروں گی، اس لیے میں ان سب کا سپورٹ کرتی ہوں جو سامنے آئے اس حوالے سے بات کی’۔

اداکارہ کے مطابق ‘اگر آپ کو جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہو تو اس کے بارے میں بات کرنے کا کوئی وقت نہیں، آپ ایک سال، 20 سال بعد یا 2 منٹ بعد بھی سامنے آکر اس کے خلاف آواز اٹھا سکتے ہیں’۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

می ٹو مہم کا آغاز دنیا بھر میں 2017 میں ہوا جب ہولی وڈ کی نامور خواتین نے سامنے آکر پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن پر جنسی ہراساں کرنے اور ریپ کرنے کے الزامات لگائے۔

جس کے بعد ایک کے بعد ایک خواتین اس مہم کا استعمال کرکے اپنے تلخ تجربات کے ساتھ سامنے آئیں۔

بولی وڈ میں اداکارہ تنوشری دتہ نے اداکار نانا پاٹیکر کے اوپر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرکے اس مہم کا آغاز کیا جبکہ پاکستان میں میشا شفیع پہلی نامور خاتون تھیں جنہوں نے 2018 میں می ٹو مہم کا سہارا لیتے ہوئے گلوکار و اداکارہ علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے۔

یاد رہے کہ عائشہ عمر اور احسن خان ‘رہبرا’ نامی فلم میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں جس کی رواں سال ریلیز کا امکان ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں