نارتھ کیرولینا:
پوری دنیا میں پیشاب کی نالی کا انفیکشن (یوٹی آئی) عام ہے اور یہ شدید تکلیف دہ کیفیت بار بار حملہ آور ہوتی ہے لیکن اب پہلی مرتبہ ایک ویکسین سے اس کیفیت کو روکا جاسکتا ہے۔یہ ویکسین براہِ راست مثانے میں لگائی جاسکتی ہے۔ اندر جاکر یہ ان تمام بیکٹیریا کو روکتی ہے جو یوٹی آئی کی وجہ بنتے ہیں۔ بالخصوص خواتین میں یہ مرض بہت تکلیف دہ ہوتا ہے اور وہی اس کی زیادہ شکار بھی ہوتی ہیں اور بار بار اس کا نوالہ بنتی ہیں۔
ڈیوک یونیورسٹی کے ماہرین کی تیارکردہ ویکسین کی رپورٹ نیشنل اکیڈمی آف سائنسِس میں شائع ہوئی ہے۔ جامعہ کے اسکول آف میڈیسن سے وابستہ پیتھالوجی کے پروفیسر سومن ابراہم نے یہ ویکسین بنائی ہے۔ اگرچہ یوٹی آئی کو روکنے والی بہت سی ویکسین بنائی جاتی رہی ہیں لیکن یہ ویکسین ان سے بہت مؤثر ہے۔
ڈاکٹر سومن کے مطابق امریکہ سمیت کئی ممالک میں انتہائی تکلیف دہ یوٹی آئی عام ہے۔ ان کی ویکسین مثانے میں جاکر ان تمام بچے کچھے بیکٹیریا ختم کرتی ہیں جو پیشاب کی نالی میں جلن اور تکلیف کی وجہ بنتے ہیں۔ اس طرح ایک ویکسین اس مرض کے متعدد حملے کو بھی روک سکتی ہے۔
چوہوں پر کئے گئے تجربات کی بدولت معلوم ہوا ہے کہ نئی ویکسین مثانے کو یہ سکھاتی ہے کہ وہ مسلسل ان بیکٹیریا سے لڑتا رہے۔ یہی وجہ ہے کہ ویکسین براہِ راست مثانے میں پہنچائی جاتی ہے۔ اس طرح مثانہ یو ٹی آئی کی وجہ بننے والے ای کولائی بیکٹیریا کا صفایا کرتا ہے اور انہیں دوبارہ جمع ہونے سے روکتا ہے۔
ڈیوک یونیورسٹی کی ٹیم کا اصرار ہے کہ اس ویکسین کے تمام اجزا انسانوں کے لیے بے ضرر ہیں اور چوہوں پر اس کے بہت اچھے نتائج مرتب ہوئے ہیں۔ تاہم جلد ہی انسانوں پر اس نئی ویکسین کی آزمائش شروع کی جائے گی۔