بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اتوار 25 جون کو بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں اپنے کیریئر کے 31 برس مکمل کرلیے۔
یاد رہے کہ انہوں نے 1992 میں ریلیز ہونے والی فلم دیوانہ میں آنجہانی اداکاروں رشی کپور اور دیویا بھارتی کے ساتھ کام کیا تھا۔
اس حوالے سے انہوں نے آج اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پرستاروں کو خود سے سوال جواب کا بھرپور موقع دیا اور نہایت ہی پُرمزاح انداز میں انہیں جواب بھی دیے۔
اس موقع پر انکی پرستار ایک حاملہ خاتون نے انہیں بتایا کہ وہ اُمید سے ہیں اور انکے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کا نام “پٹھان” اور “جوان” رکھیں گی۔
اس پر کنگ خان پہلے تو حیران ہوئے اور پھر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انکے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ بچوں کو کوئی بہتر نام دیں۔
انکے اس جواب پر انکے پرستار کافی محظوظ ہوئے، اور ایک پرستار نے لکھا اگر لڑکیاں پیدا ہوئیں تو پٹھانی اور جوانی۔
اس موقع پر ایک پرستار نے شاہ رخ خان سے اپنے ساتھ سگریٹ نوشی کےلیے کہا جس پر کنگ خان نے جواب دیا کہ میں اپنی بری عادتیں اکیلے ہی کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ پٹھان اور جوان دونوں ہی شاہ رخ خان کی فلموں کے ٹائٹل ہیں، جن میں سے پٹھان حال ہی میں ریلیز ہوئی جبکہ جوان رواں برس ریلیز کی جائے گی۔