مایا علی اور سرمد کھوسٹ بھی وہاج علی کے دیوانے ہوگئے

مایا علی اور سرمد کھوسٹ بھی وہاج علی کے دیوانے ہوگئے


جیو ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ سے شہرت کے آسمان کو چھونے والے اداکار وہاج علی کے ستارے ان دنوں بلندیوں کو چھو رہے ہیں، سب کی زبان پر ان کے ہی چرچے ہیں ایک جانب مایا علی تو دوسری جانب سرمد کھوسٹ ان ہی کے گُن گاتے دکھائی دیئے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مایا علی نے اپنے دیرینہ دوست اور اداکار وہاج علی کے فلم انڈسٹری میں انٹری پر جذباتی ہو کر ان کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لاہور میں منعقدہ وہاج علی کی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ کے پریمیئر نائٹ سے ان کے ساتھ تصویر شیئر کی۔

انہوں نے تصویر کے ساتھ طویل کیپشن میں اپنے جذبات کا اظہار کیا، فلم کی ریلیز پر اپنے دوست کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔

انہوں نے وہاج علی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ میرے پیارے دوست اور میرے ہمیشہ کے لیے ’واجو‘، مجھے نہیں معلوم کے کہاں سے شروع کروں، مجھے اب بھی ہمارے پرانے دفتر کے باہر جامنی رنگ کی قمیض میں ملبوس ایک لڑکا یاد ہے اور ہمیں اس وقت نہیں معلوم تھا کہ ہم ایک دن اس مقام پر ہوں گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے تم پر اور تمہاری تمام تر کامیابیوں پر بہت فخر ہے ماشا اللہ، آج جب میں نے تمہیں بڑی اسکرین پر دیکھا تو میری آنکھیں خوشی سے بھر آئیں۔ میں اپنی خوشی کی وضاحت بھی نہیں کرسکتی، جس طرح میں نے محسوس کیا، آخرکار بڑی اسکرین نے تمہارے چہرے کو پہچان لیا۔ یہ صرف تمہاری شروعات نہیں بلکہ تم نے تاریخ رقم کردی ہے۔

اس کے علاوہ ہدایت کار سرمد کھوسٹ بھی وہاج علی کی فلم دیکھنے کے بعد ان ہی کے گُن گاتے دکھائی دیئے اور کہا کہ یوں تو وہاج کو مداح رومانی کرداروں میں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن انہیں دیگر کرداروں کو بھی آزمانہ چاہئے‘۔


اپنا تبصرہ لکھیں