سپر اسٹار ماہرہ خان نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم رئیس میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ماہرہ سے قبل اس فلم کی پیشکش کس پاکستانی اداکارہ کو ہوئی تھی؟
حا ل ہی میں پاکستان فیشن انڈسٹری کی مقبول ترین ماڈل ایمان علی نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہیں بھی بالی وڈ فلم ’رئیس‘ کی پیشکش ہوئی تھی۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے ایمان علی سے پوچھا کہ شاہ رخ خان والی فلم کی پیشکش پہلے آپ کو ہوئی تھی جس کے جواب میں ماڈل نے مسکرا کر ہاں میں جواب دیا۔
بعدازاں میزبان نے ایمان سے کہا کہ تم نے شاہ رخ خان سے اسکرپٹ ہی مانگ لیا کہ پہلے تم اسکرپٹ پڑھو گی جس کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ مجھے فون آیا تھا جس میں انہوں نے مجھے شاہ رخ کے ساتھ فلم کی پیشکش کی تھی اور میں نے جواب میں ان سے اسکرپٹ بھیجنے کہا۔
ایمان علی نے مزید کہا کہ شاید ان کو میری یہ بات پسند نہیں آئی جو کہ غلط ہے، اسکرپٹ پڑھنا تو ہمارا حق ہے۔
انٹرویو کے دوران ایمان نے مزید بتایا کہ اس بارے میں اپنے دوستوں کو بتایا تو انہوں نے کہا کہ پاگل ہوگئی ہو تم نے شاہ رخ کی فلم کا اسکرپٹ مانگ لیا، اس کے ساتھ تو فلم کرنے کے لیے دنیا بھر کی اداکارائیں خواہش مند ہوں گی۔
بعدازاں ماڈل نے کہا کہ کام کرنے کے لیے اسکرپٹ کا اچھا ہونا بے حد ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی بالی وڈ میں پہلی فلم ’رئیس‘ تھی جس میں وہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئی تھیں، یہ فلم 25 جنوری 2017 کو ریلیز کی گئی تھی۔