حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنی رسمِ حنا کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر دیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نے اپنی شادی کی پُر وقار تقریبات میں شوبز ستاروں سے سجی شام کی چند نئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماہرہ خان اور سلیم کریم کی مہندی کی رسم میں اداکارہ مومل شیخ، اداکار شہریار منور اور فیشن ڈیزائنر نومی انصاری سمیت دیگر معروف شخصیات نے ناصرف شرکت کی بلکہ مختلف گانوں پر رقص کر کے محفل میں رنگ بھی جما دیا۔
ویڈیو کے آغاز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہندی کی رسم کے لیے ماہرہ خان کو گیندے کے پھولوں سے سجی چادر کے سائے میں ان کا بھائی اور بیٹا اسٹیج تک لا رہے ہیں، ویڈیو میں رسمِ حنا کے موقع پر دلہا اور دلہن بھی ڈانس کرتے نظر آئے۔
اس ویڈیو کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا ہے کہ ’پیار اور دوستی کا جشن‘۔
ماہرہ خان نے مہندی کی مناسبت سے ڈیزائنر ’مناہل اینڈ مہرین‘ کی جامنی رنگ کی انارکلی فراک پہن رکھی ہے جس پر سفید موتیوں کا خوبصورت کام کیا گیا ہے، اس کے ساتھ انہوں نے گوٹے اور کرن کے کام والا گلابی، نارنجی رنگ کا دوپٹہ لیا ہوا ہے جبکہ سلیم کریم نے سفید رنگ کے کرتا پاجامہ اور شال کا انتخاب کیا تھا۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ نے اپنے بالوں کو جوڑے کے اسٹائل میں باندھا ہوا ہے، جس پر انہوں نے موتیے کے پھولوں کی لڑی ڈالی ہوئی ہے۔
اس تصویر کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے اپنے بازو پر پڑی پھولوں کی لڑیوں کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’جس وقت ہم مہندی کی تقریب کے لیے نیچے آ رہے تھے، اسی لمحے عاصم نے میرے بازو پر موتیے کے پھولوں کی لڑیاں ڈال دیں، کیونکہ وہ میرا عاصم ہے اور میں اس کی مہرو ہوں اور ہمیشہ رہوں گی‘۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا ہے کہ یہ تقریب 29 ستمبر کو مری سے قریبی واقع بھوربن کے نجی ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی۔