ماہرہ خان اور اذان سمیع کی رومانوی ویڈیو نے دھوم مچا دی

ماہرہ خان اور اذان سمیع کی رومانوی ویڈیو نے دھوم مچا دی


عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے قریبی دوست اور معروف گلوکار و اداکار اذان سمیع کی سالگرہ کے موقع پر بی ٹی ایس ویڈیو جاری کردی جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے 2021 میں ریلیز ہونے والے اپنے گانے ’تو‘ کی بی ٹی ایس ویڈیو جاری کی ہے۔

انہوں نے یہ ویڈیو اسی گانے کے گلوکار اذان سمیع خان کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچا دی ہے۔

ماضی کے گانے کی بی ٹی ایس ویڈیو میں ماہرہ خان کو اذان سمیع خان کے سَنگ ڈانس ریہرسلز کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے مختلف انسٹااسٹوریز شیئر کرتے ہوئے اپنے دوست کو سالگرہ کی مبارک باد دی اور ان کی موسیقی کو سحر انگیز قرار دیتے ہوئے کہا تمہارے گانے وہ کچھ بیان کر دیتے ہیں جو میں خود اپنے بارے میں بیان نہیں کر سکتی۔

ایک اور اسٹوری میں انہوں نے لکھا کہ میرے پیارے اذان، ہمارے پاس جو کچھ ہے کاش وہ اور زیادہ ہو، زیادہ جادو، زیادہ محبت، اور زیادہ موسیقی، انشاء اللہ۔ آئی لو یو اور خدا کے لیے جلدی کرو اور گریمی نوم حاصل کرو، میں انتظار کر رہی ہوں۔ سالگرہ مبارک ہو۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ ماہرہ خان اور اذان نے فلم ’سپر اسٹار‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا، اذان سمیع نے اس فلم کا اسکرین پلے لکھا تھا اور میوزک کمپوز بھی کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستانی نژاد بھارتی معروف موسیقار و گلوکار عدنان سمیع خان اور اداکارہ زیبا بختیار کے بیٹے گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے 22 مئی کو اپنی 31 ویں سالگرہ قریبی دوستوں کے ساتھ منائی ہے۔

ان کے اس خاص دن کی مناسبت سے شوبز انڈسٹری کے کئی دوستوں اور ساتھیوں نے انہیں نیک خواہشات کا پیغام بھیجا۔


اپنا تبصرہ لکھیں