اداکارہ ماہرہ خان اور بلال اشرف کی عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے فلم ’سُپراسٹار‘ کا شاندار ٹریلر مداحوں کی دلچسپی سمیٹنے میں کامیاب ہوگیا۔
گزشتہ شب فلم ’سُپر اسٹار‘ کے ٹریلر ریلیز کے لیے ستاروں سے بھری رنگا رنگ شام سجائی گئی جس میں 3 منٹ 6 سیکنڈز پر مشتمل شاندار ٹریلر پیش کیا گیا۔
فلم میں مرکزی کردار ماہرہ خان بطور ’نوری‘ نبھا رہی ہیں جب کہ بلال اشرف ’سمیر خان‘ کا کردار ادا کررہے ہیں۔
فلم کا ٹریلر دیکھتے ہوئے کہانی کو سمجھنا انتہائی آسان ہے کیونکہ فلم میں رومانوی کہانی کے ساتھ شوبز ستاروں کی ذاتی زندگی کے اتار چڑھاؤ بھی دکھائے گئے ہیں۔
ٹریلر کے آغاز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکار بلال اشرف فلم میں ایک بڑے سپر اسٹار ہیں جب کہ ماہرہ خان کو پہلے حصے میں ایک عام لڑکی اور بعد میں ایک کامیاب بڑی اداکارہ بنتے دکھایا ہے۔
ٹریلر میں ماہرہ خان کو فلم کے سیٹ پر موجود دکھایا ہے جہاں ان کی ملاقات بلال اشرف سے ہوتی ہے، دونوں دوست بنتے ہیں اور پھر وہ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔
یوں تو ٹریلر میں واضح نہیں کیا گیا کہ کس غلط فہمی کی بناء پر دونوں میں اختلاف ہوئے لیکن یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ نوری کا دل دکھنے کے بعد وہ بڑی اداکارہ بننے کی ٹھان لیتی ہے اور بدلے کی آگ میں یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’اگر تماشہ ہے تو پھر تماشہ صحیح‘۔
جب نوری کامیاب اداکارہ بن جاتی ہیں تو سپر اسٹار سمیر کا کیرئیر متاثر ہوتا دکھایا ہے لیکن آخر میں بلال اشرف کو اپنی غلطی ہونے کا احساس بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں ماہرہ اور بلال سمیت ندیم، مرینا خان، علیزے شاہ اور اسماء انصاری بھی شامل ہیں۔
فلم کے ٹریلر کو مداحوں کی جانب سے بےحد پزیرائی مل رہی ہے۔